مڈیکیرے 11/اکتوبر (ایس او نیوز)ایودھیا پوجا کے دن گاڑی کی دھلائی کے مسئلے پرشروع ہونے والے جھگڑے نے کوڈاگو(کورگ) میں اس وقت فرقہ وارانہ کشیدگی کارخ اختیار کرلیاجب سروس اسٹیشن کے مالک نے کار کے مالک کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شنی وار سنتے نامی مقام کا رہنے والے شیکھر (45سال) نے ایودھیا پوجا کے دن اپنی کار دھلائی کے لئے عبدالرب نامی شخص کے سروس اسٹیشن پر چھوڑی تھی۔چند گھنٹوں بعد جب وہ گاڑی لینے آیا تو اس کی کار ابھی دھلی نہیں تھی۔ اس بات سے چراغ پا ہوکر شیکھر نے جھگڑا کھڑا کیا اورعبدالرب اور اس کے خاندان کو گندی گالیاں دینی شروع کردی۔عبدالرب بھی غصے میں آپے سے باہر ہوگیا اور اپنی لائسنس والی بندوق سے شیکھر پر گولیاں چلادیں۔ شیکھر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اس نے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا۔ اس خبر کے عا م ہوتے ہی کچھ لوگ سروس اسٹیشن کے پاس جمع ہوگئے اور وہاں پر جم کر توڑ پھوڑ مچائی اورگاڑیوں کو آگ لگانا شروع کردیا۔جس سے علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی ہے۔ پولیس حالات پر نظر بنائے ہوئے ہے۔